• news

رینجرز نے این اے 246میں ضمنی انتخابات کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کا مطالبہ کر دیا

کراچی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) رینجرز نے حلقہ این اے 246کراچی میں شفاف ضمنی انتخاب کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کا مطالبہ کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ رینجرز نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ پولنگ بوتھوں پر 1037سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں، تمام 213پولنگ سٹیشنز پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں، خواتین کے پولنگ بوتھ کیلئے 372بائیو میٹرک مشینیں دی جائیں۔ ہر پولنگ بوتھ پر بائیو میٹرک سسٹم لگایا جائے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے  این اے 246کے انتخاب میں اپنا امیدوار دستبردار نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ جماعت اسلامی کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔  گزشتہ روز تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے جماعت اسلامی کو  آگاہ کیا کہ این اے 246کے انتخاب میں  عمران اسماعیل کو دستبردار نہیں کیا جائے گا اور وہ بھرپور طریقے سے انتخاب میں حصہ لینگے۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی راشد نسیم کو متفقہ طور پر این اے 246پر امیدوار کھڑا کرنا چاہتی ہے جبکہ تحریک انصاف عمران اسماعیل کو متفقہ طور پر امیدوار کھڑا کرنا چاہتی ہے۔ مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے  سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ این اے 246 میں رینجرز کی تعیناتی پر مطمئن   ہیں، الیکشن کمشن واحد ادارہ ہے جو آنے والے الیکشن کو شفاف بنا سکتا ہے، الیکشن کمشن کو مضبوط ہونا چاہئے، الیکٹرانک ووٹنگ پر تمام سیاسی جماعتوں کو بریفنگ دی جائے اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی ملنا چاہئے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سردار رضا سے ملاقات کے بعد  الیکشن کمشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے چند مطالبات کئے گئے ہیں جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 246میں رینجرز کی تعیناتی سے مطمئن ہیں  اگر پولنگ کے مراحل میں کوئی مداخلت کرتا ہے تو رینجر ز اس کیخلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ رینجرز ووٹوں کی گنتی تک پولنگ بوتھ کے اندر رہے اور ووٹوں کی گنتی رینجرز کی نگرانی میں ہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ پر نادرا سے بات کی ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے این اے 246پر الیکشن کمشن کے عملے کیلئے ہدایات جاری کردیں، انتخابی عمل میں مداخلت پر ریٹرننگ افسر فوری قانونی کارروائی کرے گا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری ہدایات میں واضح کہا ہے کہ عملے کا ہر رکن غیر جانبدار ہوگا۔ پولنگ ایجنٹ نے کسی قسم کی مداخلت کی تو فوری کارروائی ہوگی، ریٹرننگ افسر کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ غیرجانبدار عملے کے تقرر کو یقینی بنائے۔ پولنگ کا سامان اور گنتی کی رپورٹ ریٹرننگ افسر کے پاس واپس جمع کرائی جائیں، نتائج پولنگ سٹیشن کے باہر آویزاں کئے جائیں۔کراچی سے نیوز رپورٹر کے مطابق تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246کے ضمنی انتخاب میں ایک دوسرے کے حق میں دستبردار ہونے سے انکار کردیا ہے۔ جماعت اسلامی نے تحریک انصاف پر واضح کیا ہے کہ این اے 246 میں جماعت اسلامی مضبوط ہے۔ اس حلقے پر جماعت اسلامی کا حق ہے۔ ہم اپنا امیدوار پی ٹی آئی کے حق میں دستبردار نہیں کریں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی حلقہ این اے 246کے انتخابی معرکے کیلئے اپنے امیدوار کو دستبردار کرانے سے انکارکر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن