الزامات مسترد کرتا ہوں‘ جس طرح میں واپس آیا این اے 246 کی سیٹ بھی آجائیگی: الطاف
لندن (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) متحدہ کے قائد الطاف حسین نے ضمانت میں توسیع ملنے کے بعد ایم کیو ایم لندن سیکرٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اوپر منی لانڈرنگ کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام نے اللہ سے دعائیں کیں اور ان کی دعائیں قبول ہونے پر میں واپس آگیا انہوں نے کہا کہ جس طرح میں تھانے سے واپس آیا ہوں این اے 246 کی سیٹ بھی واپس آجائے گی ان کی رہائی پر متحدہ کے کارکنوں نے جشن منایا، بھنگڑے ڈالے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ کارکن اور ہمدرد قانونی عمل کے دوران مکمل طور پر پرامن ، متحد اور منظم رہیں مجھے برطانوی قانون اور انصاف پر مکمل یقین ہے امید ہے ضمانت میں توسیع سے حکام تفتیش جلد مکمل کرلیں گے۔ اللہ تعالیٰ کا بہت شکر ہے۔ الطاف حسین نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان میں بھی جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔ آپ لوگوں کے کہنے پر برطانیہ آیا تو یہاں بھی مقدمے بنے۔ مجھ پر اور میرے ساتھیوں پر بھی مقدمات بنائے گئے۔ امیر اور غریب کی عزت برابر ہونی چاہئے۔ تمام مسالک کے لوگوں کو پاکستان میں برابر کا حق ہونا چاہئے۔ پاکستانیوں کو روٹی، کپڑا اور روزگار چاہئے۔ پاکستان کو سعودی عرب میں فوج نہیں بھیجنی چاہئے۔ پاکستان کو سعودی عرب اور یمن جنگ میں ثالث کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ میری ضمانت میں جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔ میں تمام الزامات سے انکار کرتا ہوں درخواست کرتا ہوں کہ تحقیقات جلد مکمل کی جائیں میں ایک بار پھر منی لانڈرنگ کے تمام الزامات کو رد کرتا ہوں دوبارہ لے کر گئے تو آپ کی دعائوں سے پھر واپس آجائوں گا۔کارکن میری وجہ سے پریشان نہ ہوں مقدمے کی تحقیقات جاری ہیں مزید تبصرہ نہیں کرسکتا۔ جب تحقیقات ہوتی ہیں تو جو سوالات کئے جاتے ہیں ان کے جوابات دئیے جاتے ہیں۔ میری رہائی پر کچھ تجزیہ کار خوش ہوئے تو کچھ ناراض بھی ہوئے، ڈاکٹر عمران فاروق کے اصل قاتل پکڑیں جائیں۔ اس سوال پر کہ مسلم لیگ ن سے سینٹ الیکشن میں اتحاد نہ کرنے پر ایم کیو ایم کے خلاف کارروائیاں شروع ہوئیں انہوں نے کہا کہ میں الزام تراشی نہیں کرتا۔