کسانوں سے 40 لاکھ ٹن گندم براہ راست خریدنے کا فیصلہ‘ 30 ارب روپے مختص کر دیئے: شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں گندم خریداری مہم 2015-16 کے دوران کسانوں سے براہ راست 40 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اپریل کے آخری ہفتے میں گندم خریداری مہم کاباقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے ۔ 1300فی من کے حساب سے کاشتکاروں سے گندم خریدی جائے گی اورچھوٹے کاشتکاروں کے مالی استحکام کیلئے رواں سال گندم کی خریداری کیلئے 130ارب روپے کی ریکارڈ رقم مختص کی گئی ہے ۔کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گااور چھوٹے کسانوں سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خریدی جائے گی جس کے لئے صوبے بھر میں 376خریداری مراکز قائم کردیئے گئے ہیں۔وہ گزشتہ روز ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں گندم خریداری مہم2015-16کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رواں برس گندم کی فصل بہترین ہوئی ہے۔گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کریں گے اورکسی کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔میں خود گندم خریداری مہم کی نگرانی کروں گا۔ گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ صوبے بھر میں 376 خریداری مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ صوبے بھر میں گندم کی خریداری اور کسانوں کو ادائیگی کے طریقہ کار کو شفاف بنایا گیا ہے۔باردانہ کی تقسیم کا عمل سو فیصد شفاف ہوگا۔ کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے کسانوں کی رجسٹریشن اور شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ شکایات کے اندراج کیلئے ہیلپ لائن 800-60606 قائم کردی گئی ہے۔صوبائی، ڈویژن ،ضلع اورتحصیل کی سطح پر شکایات سیل قائم کیے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ فی ایکڑ 8بوری بار دانہ کی فراہمی کے علاوہ کاشتکاروں ساڑھے سات روپے فی بوری ڈلیوری چارجز کی ادائیگی کی جائے گی۔صوبائی وزراء اور سیکرٹری صاحبان خریداری عمل کی نگرانی کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میںپنجاب بھر میں جعلی اورغیر معیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں شارٹ ٹرم ،میڈم ٹرم اور لانگ ٹرم ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو زہر قاتل سے بچانے کیلئے شارٹ ٹرم اقدامات پر فوری عملدر آمد کیا جائے۔جعلی ادویات کا دھندا ایک ناسور ہے، جس کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ جعلی ادویات کا مکروہ دھندا کرنے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رورعائت کے مستحق نہیں ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جعلی و غیر معیاری ادویات کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سزا سخت کرنے کے حوالے سے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں۔وہ گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جعلی ادویات کے دھندے کے سدباب کیلئے شارٹ ٹرم،میڈیم ٹرم اورلانگ ٹرم ایکشن پلان مرتب کیا جائے جعلی و غیر معیاری ادویات تیار کرنے والی فیکٹریوں اور فروخت کرنے والے میڈیکل سٹوروں کے مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائی کو قومی مشن سمجھ کر آگے بڑھایا جائے گا۔موثر مانیٹرنگ اور انسپکشن کا نظام بھی متعارف کرائیں گے۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں جنوبی پنجاب اورشمالی پنجاب کیلئے دو علیحدہ علیحدہ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب خودٹاسک فورس کے چیئرمین ہوںگے۔وزیراعلیٰ نے جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف پائیدار بنیادوں پر تسلسل کیساتھ کارروائی کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات کی بھی منظوری دی۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اتھارٹی کو خود مختار بورڈ آف گورنرز چلائے گا۔ مزید برآں شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کی خصوصی ہمدردی کے مستحق ہیں۔ پنجاب حکومت نے معذور افراد کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ 2 فیصد سے بڑھا کر 3 فیصد کر دیا ہے۔ معذور افراد کیلئے بڑھا ئے گئے ملازمتوں کے کوٹے پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نجی شعبے میں بھی معذور افراد کیلئے ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور معذور افراد کی بحالی کیلئے جامع پروگرام مرتب کیا جائے۔ شہبازشریف نے گزشتہ روز ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے اور وزراء معذور افراد کی بحالی کے حوالے سے فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔ کابینہ کمیٹی اجتماعی طور پر معذور افراد کی بحالی اور دیکھ بھال کیلئے مزید اقدامات تجویز کرے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ معذور افراد کی بحالی اور ملازمتوں میں اضافہ شدہ کوٹے پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نے معذور اور نابینا افراد کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے گزشتہ روز جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر سینیٹر ساجد میر نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزررہا ہے۔پاک افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسورکے خاتمے کے لئے امن کے دشمنوں کیخلاف برسرپیکار ہیں۔پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کی لازوال قربانیوں پر پوری قوم کو فخرہے۔معاشرے میں امن ،بھائی چارے،اخوت اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کیلئے علمائے کرام کو اپنا موثر کردارادا کرنا ہے ۔علاوہ ازیں شہباز شریف اور ایم این اے حمزہ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے سلطانہ شاہین کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مزید برآں شہباز شریف نے جسٹس (ر) شیخ اسداللہ کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔