• news

وزیراعظم کا دورہ گلگت بلتستان پری پول رگنگ‘ ترقیاتی پیکج شعبدہ بازی ہے: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ گلگت بلتستان کو قبل از انتخاب دھاندلی اور ترقیاتی پیکیج کو شعبدہ بازی قرار دیدیا۔ انہوں نے نواز شریف کے دورہ گلگت بلتستان اور ترقیاتی پیکج کے اعلان کو پری پول رگنگ قرار دے دیا۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کے لیے غیر جانبدار نگران حکومت کا قیام ناگزیر ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے گلگت بلتستان میں قبل از انتخاب دھاندلی کا سلسلہ جاری ہے۔ نواز حکومت نے پہلے اپنے وفاقی وزیر برجیس طاہر کو گورنر بلتستان مقرر کیا، اپنی مرضی کی نگران کابینہ بنائی اور اب نام نہاد ترقیاتی پیکج کا اعلان کرکے ووٹرز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ آن لائن کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے انکی رہائشگاہ بنی گالہ میں سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی کے رہنما چودھری سرور نے ملاقات کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات دو گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہی۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے جوڈیشل کمشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اسکے علاوہ چودھری سرور نے عمران خان سے کنٹونمنٹ ایریاز کے بلدیاتی انتخابات اور صوبوں کے بلدیاتی الیکشن اور ٹکٹ کی تقسیم پر بھی عمران خان سے بات چیت کی۔

ای پیپر-دی نیشن