ہائیکورٹ نے جوڈیشل کمشن کو فوری کام سے روکنے کی استدعا مسترد کر دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمشن کو کام سے روکنے کیلئے دائر حکم امتناعی کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جوڈیشل کمشن کا قیام آئین کے آرٹیکل 225 کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ جوڈیشل کمشن کے قیام کے حوالے سے جاری صدارتی آرڈیننس کو پہلے ہی عدالت عالیہ میں چیلنج کر رکھا ہے لہٰذا عدالتی فیصلہ آنے تک کمشن کو کام سے روکنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے جوڈیشل کمشن کو فوری طور پر کام سے روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔