• news

دبئی‘ زرداری‘ بلاول ملاقات: والد سے اختلاف نہیں‘ پارٹی پالیسی کا پابند ہوں: چیئرمین پی پی

دبئی(نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان دبئی میں ملاقات ہوئی۔  پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے میڈیا کے کچھ حصوں میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین کے اختلافات کی قیاس آرائیوں کو دبئی میں دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے بعد دم توڑ دینا چاہیے۔ ترجمان نے کہا  فی الحال پاکستان کی امن و امان کی صورتحال ایسی نہیں کہ بھٹو خاندان کا کوئی فرد آزادی سے کام کر سکے اس لئے   فی الوقت بلال بھٹو زرداری پارٹی کی سینئر قیادت کے ساتھ پالیسی امور اور پارٹی کی تنظیم کے لئے کام کریں گے۔ ترجمان نے کہا  پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین نے فیصلہ کیا ہے  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی کی اوورسیز تنظیم کے ساتھ کام کریں گے اور پاکستان میں پارٹی کی دیگر قیادت کے ساتھ وقتاً فوقتاً رابطے کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا  ان کے اپنے والد کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں۔ وہ پارٹی کے نظریات اور مقاصد کے ساتھ ہیں اور اپنے والد کے ساتھ مل کر پارٹی کو متحرک کریں گے۔ انہوں نے کہا وہ مناسب وقت پر پارٹی کی مکمل طور پر سیاسی قیادت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن