• news

عمران فاروق کیس‘ برطانیہ نے پاکستان سے مزید تعاون مانگ لیا: کراچی آپریشن تیز ہو گااوربہتری آئیگی: نثار

 اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے ملاقات کی ہے  جس میں عمران فاروق قتل کیس میں ملوث اہم ملزم معظم علی  کے بارے میں وز یر داخلہ نے انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔ برطانیہ نے پاکستان سے مزید تعاون مانگ لیا، ملاقات میں حالیہ پیشرفت پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ سے عمران فاروق قتل میں ملوث اہم ملزم کی گرفتاری کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ ملزم تک رسائی کیلئے بھی بہت جلد موقع فراہم کر دیا جائیگا۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق چودھری نثار نے برطانوی سفیر کو یقین دلایا کہ عمران فاروق قتل میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی اور ان سے ملنے والی معلومات کو شیئر بھی کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق صولت مرزا کے ویڈیو بیان پر برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ وہ دستاویزات متعلقہ فورم پر پہنچا دی گئی ہیں اور ان کا برطانوی قانون کے مطابق جائزہ لیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں چودھری نثار نے کہا کہ کراچی آپریشن سے حالات میں بہتری آئی ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، کریڈٹ رینجرز، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سندھ پولیس کو جاتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں چودھری نثار نے کہا کہ کراچی آپریشن مشکل کام تھا، جو حالات بہتر ہوئے اسکے پیچھے بہت کام ہوا ہے، آپریشن کے دوران جو کام ہوا وہ قوم کے سامنے لانا مناسب نہیں سمجھتا۔ وزیر داخلہ نے واضح کردیا کہ آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کے نائیکوپ یعنی شناختی کارڈ کی مدت کو 7 سے بڑھا کر 10 سال کیا جا رہا ہے اور نائیکوپ کی مدت بڑھانے کے کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن