• news

گجرات: بد چلنی کے شبہ پر ماں ، بہن کو مارڈالا ، معمولی جھگڑے پر ایک ہی خاندان کے 3 افراد قتل

گجرات (نامہ نگار) بدچلنی کے شبہ پر بیٹے نے ماں اوربہن کو فائرنگ کرکے مارڈالا جبکہ معمولی جھگڑے پر مسلح شخص نے گولیاں مار کر ایک ہی خاندان کے 3 افراد کو قتل کردیا۔ تفصیل کے مطابق ڈنگہ کے رہائشی نوجوان بشاورت صفدر نے بدچلنی سے باز نہ آنے پر اپنی ماں مسرت بی بی اور 20 سالہ بہن مریم بی بی کو گھر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرارہوگیا پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں۔ تھانہ ڈنگہ نے دادا محمد خان کی رپورٹ پر پوتی اور بہو کے قتل کا مقدمہ پوتے بشارت صفدر، ساتھی عابد کیخلاف درج کرکے کارروائی شروع کردی پولیس کے مطابق مقتول مسرت بی بی کا خاوند بیرون ملک مقیم ہے۔ ایک اور واقعہ میں کنجاہ کے گائوں چکریاں کے رہائشی لیاقت نے معمولی جھگڑے پر اپنے ڈیرے پر موجود نواحی گائوں چک گل کے رہائشی مشتاق‘ اشرف اور رشتے دار بلا ل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ شکیل کو زخمی کر دیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچادیا گیا۔ کنجاہ پولیس نے تہرے قتل کا مقدمہ لیاقت کیخلاف درج کر کے کارروائی شروع کر دی اور نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ پولیس کے مطابق لیاقت مختلف مقدمات میں پہلے بھی مطلوب تھا ۔

ای پیپر-دی نیشن