عوام کا پولیس سے اعتماد اٹھ رہا ہے، ناقص تفتیش پر کیسے انصاف دے سکتے ہیں: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ پولیس کی ناقص تفتیش کی بنا پر عدالتیں سائلین کو کیسے انصاف فراہم کرسکتی ہیں۔ ناقص تفتیش جیسے اقدامات سے عوام کا پولیس سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔ ناقص تفتیش کی بنا پر مدعی یا ملزم میں کسی ایک سے زیادتی ہوتی ہے۔ عدالت نے یہ ریمارکس فیصل آباد میں خاتون سے زیادتی کیس میں پولیس کی تفتیش کے خلاف دائر درخواست کی سماعت میں دیئے۔ عدالت نے آر پی او فیصل آباد کو کیس کی ازسرنو تفتیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ عدالتی حکم پر آر پی او فیصل آباد نے خاتون سے زیادتی کے حوالے سے پولیس تفتیش کی رپورٹ پیش کی۔ فاضل عدالت نے ناقص تفتیش کرنے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی سے زیادتی ہوئی مگر تفتیش میں اس کا کوئی نتیجہ ظاہر نہیں کیا گیا۔ پولیس کے ایسے اقدامات سے ہی عوام کا اس محکمے سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔