تحریک پاکستان میں مسیحیوں کے کردار کو نصاب کا حصہ بنانے کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) تحریک پاکستان میں مسیحیوں کے کردار کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کے لئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آئینی پٹیشن دائر کر دی گئی۔ نتھانیل گل کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ مسیحیوں نے تحریک پاکستان میں بڑی قربانیاں دیں اور پاکستان کے حق میں ووٹ ڈالا۔ ہندو اور سکھ قیام پاکستان کے خلاف تھے مگر مسیحی برادری نے قائد اعظم کے کندھے کے ساتھ کندھا ملا کر تحریک پاکستان میں بھر پور حصہ لیا۔ قیام پاکستان کے بعد مسیحیوں کی قربانیوں کو مطالعہ پاکستان اور تاریخ کی کتب میں شامل نہیں کیا گیا جو کہ آئین پاکستان کے منافی اور مسیحی برادری کی قربانیوں کو فراموش کرنے کے مترادف ہے۔ عدالت تحریک پاکستان میں مسیحیوں کے کردار کے موضوع پر ایک باب کو نصابی کتب کا حصہ بنانے کے احکامات صادر کرے۔