• news

گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری، کاروبار ٹھپ، پانی بھی غائب

لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ آن لائن) گرمی میں بجلی کی طویل اور بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث کئی شہروں میں کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ شہروں اور دیہات میں 12سے 18گھنٹے بجلی کی بندش سے لوگ بلبلا اٹھے اور سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے حکومت سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ عیسیٰ خیل سے نامہ نگار کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ نے تحصیل عیسیٰ خیل کے عوام کا جینا دوبھر کر دیا جبکہ پانی کی شدید قلت کے باعث لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ شہریوں نے اپیل کی ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کم اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔ گجرات سے نامہ نگارکے مطابق 12سے 14گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی۔ شہریوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کیا ہے۔ اٹھارہ ہزاری سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14سے 18گھنٹے تک پہنچ گیا۔ وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمارا قریبی دوست ملک ہے وہاں پر مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے ہم ہروقت تیار ہیں۔ بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کے مسئلے پر ثالثی کا کردار ادا کررہا ہے۔ مسلم ممالک یمن کے پرامن حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور یمن جنگ کی آگ پھیلتی جارہی ہے جس کے اثرات دوسرے اسلامی ممالک تک بھی جائینگے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں 6 سے 7 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 8 سے 9 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوگی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے شیخوپورہ اور گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گرمی کی شدت کے ساتھ ہی طویل ہو گیا جس سے بجلی کے صارفین تاجر اور گھریلو خواتین سخت پریشان ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف پریس کلب کے سامنے اور ہائوسنگ کالونی پرانا شہر میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے جہاں لوگوں نے حکومت اور واپڈا کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن