کرپشن میں ملوث ایف آئی اے کے افسروں، اہلکاروں کو گرفت میں لینے کا فیصلہ
لاہور (فرخ سعید خواجہ) ایف آئی اے سے کرپشن کے خاتمے کیلئے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے انقلابی قدم اٹھالیا ہے۔ ایف آئی اے کے تمام ایسے افسروں و اہلکاروں کو گرفت میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کرپشن میں ملوث ہیں، وہ سرکاری حیثیت کا فائدہ اٹھائے ہوئے کاروبار کررہے ہیں یا اُن کا جرائم پیشہ افراد سے گٹھ جوڑ ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے نے تمام ایڈیشنل ڈی جی حضرات اور زونل ڈائریکٹرز کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنے ماتحت کرپٹ افسروں اور اہلکاروں کی فہرستیں تیار کرکے 17 اپریل تک انہیںبھیجیں۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت کے مطابق زونل آفس پنجاب میں ایسے افسروں اور اہلکاروں کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔ زونل آفس پنجاب کے ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے باعث یہاں کام کرنے والے متعدد افسروں اور اہلکاروں کے ہاتھ پائوں پھول گئے ہیں۔ زونل آفس لاہور میں ایسے لوگوں کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں جن کا سرکاری ملازمت کا ریکارڈ کرپشن سے داغدار ہے یا جن پر اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات رہے ہیں یا ایسے لوگ جن کے جرائم پیشہ گروہوں سے رابطوں کی شکایات موجود ہیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تصدیق کی ہے کہ ایسے افسروں اور اہلکاروں کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔