’’مجھے جناح کا پاکستان چاہیے‘‘، 85سالہ اکرام الحق روزانہ لبرٹی چوک میں بینر لئے عوامی شعور بیدار کرنے کی کوشش کررہا ہے
لاہور (حافظ محمد عمران / نمائندہ سپورٹس) تپتی دوپہر ہو‘ سخت سردی یا پھر ’’لو‘‘ کا موسم کوئی بھی چیز 85 سالہ اکرام الحق کو لبرٹی گول چکر پر عوامی شعور کو جگانے کا پیغام دینے سے روک نہیں سکی۔ گزشتہ دو سال سے مسلسل شہر کے ایک معروف و مصروف گول چکر میں ’’مجھے جناح کا پاکستان چاہئے‘‘ کا پلے کارڈ لیکر کھڑا ہونا اور شہر کے عوام کو کچھ لمحوں کے لئے سوچنے پر مجبور کرنا اب اس محب وطن پاکستانی کا مقصد حیات ہے۔ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اکرام الحق کا کہنا تھا کہ میرا ’’پلے کارڈ‘‘ کے ساتھ یہاں کھڑے ہونے کا کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے۔ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ عوام کچھ دیر کے لئے ضرور سوچیں کہ کیا پاکستان کے قیام اور الگ وطن کے حصول کا مقصد پورا ہو گیا ہے ،اکرام الحق کا کہنا تھا کہ میں 1944ء میں میٹرک کیا تھا پھر چار سال تک تعلیم کا سلسلہ منقطع رہا۔ اس دوران بھرپور انداز میں تحریک پاکستان میں حصہ لیا۔ اکرام الحق نے بتایا کہ گذشتہ دو سال سے ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ لبرٹی گول چکر پر عوامی شعور کو جگانے کے لئے حاضر ہوں۔ قیام پاکستان سے اب تک مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ آج کا پاکستان جناح کا پاکستان نہیں ہے۔