• news

لاہور ہائیکورٹ نے دوہری شہریت رکھنے والے امیدوار کو کنٹونمنٹ بورڈ کا الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

لاہور(وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے دوہری شہریت کے حامل امریکی نژاد پاکستانی کو کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیتے ہوئے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس سید منصور علی شاہ نے تحریک انصاف کے دوہری شہریت رکھنے والے امیدوار خواجہ محمد نصیر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے مد مقابل امیدوار زاہد نسیم شمسی نے ریٹرننگ افسر کے روبرو درخواست گزار کے کاغذات دوہری شہریت کی بناء  پر چیلنج کردیئے۔ ریٹرننگ افسر اور الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے درخواست گزار کو آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ کے  بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا ہے جوکہ غیرآئینی اور غیر قانونی اقدام ہے۔ آرٹیکل تریسٹھ سی کے تحت رکن پارلیمنٹ کے لئے دوہری شہریت کی پابندی عائد ہے اس کا اطلاق بلدیاتی امیدواروں پر نہیں کیا جا سکتا جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ آرڈیننس کے تحت امیدوار کا صرف پاکستانی ہونا قانونی تقاضا ہے، اس آرڈیننس کے تحت دوہری شہریت رکھنے والے امیدواروں پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کنٹونمنٹ بورڈکے بلدیاتی قوانین میں دوہری شہریت کے حامل امیدواروں کے انتخابات لڑنے کی گنجائش موجود ہے۔ جس پر عدالت نے درخواست گزار کو سیالکوٹ کینٹ کے وارڈ نمبر ایک سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیتے ہوئے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

ای پیپر-دی نیشن