علی گیلانی، مسرت عالم نظربند، جب بھی موقع ملا پاکستانی پرچم لہرائیں گے: حریت رہنما
سرینگر + نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز + ایجنسیاں) حریت کانفرنس کے رہنما سید علی گیلانی کو گھر میں نظربند کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کو سرینگر کی گلیوں میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا تھا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ کشمیری رہنما مسرت عالم کو بھی گھر میں نظربند کیا گیا ہے۔ حریت رہنما مسرت عالم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے میں کوئی حرج نہیں۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر پرچم نہیں لہرایا تھا تاہم ریلی میں موجود لوگوں نے ایسا کیا اور وہ نہیں سمجھتے کہ ایسا کرنا غلط ہے۔ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانا کوئی نئی بات نہیں، ایسا 1947ء سے ہوتا آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے اس قبضے کی مخالفت کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے کیوں کہ ہم مذہبی اور نظریاتی طور سے پاکستان سے منسلک ہیں۔ سینئر رہنما نے اس تنازع کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سرحدی مسئلہ کے بجائے سہ فریقی مسئلہ قرار دیا۔ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت حاصل نہیں کرلیتے، ہم اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے وادی میں پاکستانی جھنڈا لہرانے پر کہا کہ وہ دوبارہ بھی ایسا ہی کریں گے۔ بھارتی ٹی وی میں انہوں نے کہا کہ جب بھی انہیں موقع ملا وہ پاکستانی پرچم ایک بار پھر لہرائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے لئے یہ مضبوط پیغام ہے کہ کشمیر نئی دہلی کا حصہ نہیں ہے۔ بھارتی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرینگر میں ریلی نکالنے والوں کے خلاف سخت ترین ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی سعید کے ساتھ ٹیلیفونک بات چیت میں وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔