• news

جوڈیشل کمشن انتخابی عمل کو حکمرانوں کی ماتحتی سے نجات دلائے: طاہرالقادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ 2013 ء کے عام انتخابات کروانے والا الیکشن کمشن غیر آئینی تھا اور اس کے نتیجے میں وجود میں آنے والی حکومت غیر قانونی ہے، عوام غیر قانونی حکمرانوں کی چھٹی چاہتے ہیں۔ 2013 کے غیر آئینی انتخابات کے حوالے سے دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ کنٹینر پالیٹکس‘‘ نہ کرنے کے دعویداروں نے عوامی تحریک کا پرامن احتجاج روکنے کیلئے پورے پنجاب کو کنٹینر کھڑے کر کے سیل اور عوام کو گھروں میں قیدکیا، بالخصوص ماڈل ٹائون لاہور کے لاکھوں خاندانوں کو گھروں میں محصور کر کے خوراک، پانی، ادویات کی ترسیل تک روک دی عوام کو حکمرانوں کی کنٹینر پالیٹکس اور مظالم یاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات کروانے والا الیکشن کمشن آئین کے آرٹیکل 213 اور 218 کے خلاف بنایا گیا جبکہ 2013 کے انتخابات آئین کے تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے 8 جون 2012 کے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کیے بغیر منعقد کیے گئے اس لیے پورا انتخابی ڈھانچہ اور اسکے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومت ہی ناجائز ہے۔ پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحاتی کمیٹی صرف وقت ضائع کررہی ہے کیونکہ موجودہ حکمران کبھی بھی حقیقی اور آئین کے مطابق اصلاحات نہیں ہونے دینگے ضرورت اس امر کی ہے کہ جوڈیشل کمیشن آزاد اور خودمختار الیکشن کمشن کی تشکیل اور دھاندلی کے تمام دروازے بند کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی بھی وضع کرے اور انتخابات کے عمل کو حکمرانوں کی ماتحتی سے نجات دلائے ۔

ای پیپر-دی نیشن