سپریم کورٹ کا فیصلہ، صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں: مشاہد اللہ
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کے حوالے سے جو فیصلہ دیا ہے یہ اس کا اپنا اختیار ہے لیکن ہم تمام اس صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی ایکشن پلان کے تحت 21ویں آئینی ترمیم کے بعد فوجی عدالتیں قائم کی گئی ہیں جن کا بنیادی مقصد قانون کی بالادستی اور قانون کا رعب قائم ہو جو افراد دہشت گردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہوں انہیں سزائیں دی جا سکیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال میں گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان میں موسمی تبدیلی آئی ہے جس کے باعث سیلاب آئے ہیں،2010اور 2013 کے سیلابوں کی وجہ سے بہت نقصان اٹھانا پڑا۔ بھارت کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ کہتا ہے تو اس نے 7لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں کیوں رکھی ہوئی ہے، کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، بھارت کشمیری عوام کو طاقت اور بندوق کے ذریعے زیادہ عرصے تک غلام نہیں بنا سکتا ہے۔