نابینا افراد کا احتجاج جاری، سرکاری ملازمتیں فراہم نہ کرنے کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے سامنے نابینا افراد نے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ روز بھی احتجاج جاری رکھا جبکہ نابینا افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم نہ کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نابینا افراد نے جمعرات کو بھی اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور روڈ بلاک کر کے حکومت کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی جسکے بعد حکومت کی جانب سے مطالبات کی جلد منظوری کی یقین دہانی پر مظاہرین نے ملازمتوں کے لیٹر ملنے تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا جسکے بعد ڈی سی او لاہور نے مظاہرین کے مطالبات کو منظور کرتے ہوئے ان کو سرکاری محکموں میں ملازمتوں کے باقاعدہ لیٹر دیئے جسکے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا قبل ازیں نابینا افراد کے احتجاج کی وجہ سے پنجاب اسمبلی کے سامنے تیسرے روز بھی سڑک ٹریفک کیلئے بند رہی ہے۔ علاوہ ازیں محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ ملکی آئین کے برعکس نابینا افراد کو شہری کا درجہ ہی نہیں دیا جا رہا اور ان کے حقوق سلب رکھے گئے ہیں جسکی وجہ سے نابینا افراد سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہیں۔