سرگودھا: ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 2 خواتین سمیت 6 مریض جاں بحق
سرگودھا (نامہ نگار) سرگودھا میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ڈی ایچ کیو میں زیر علاج 2 خواتین سمیت 6 مریض جان کی بازی ہار گئے۔ ہڑتال کے دوران نہ صرف ینگ ڈاکٹرز نے مریضوں کو نہیں دیکھا بلکہ جو ڈاکٹرز مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف تھے انہیں بھی کام سے روک دیا جس کے باعث مختلف حادثات میں تشویش ناک حالت میں لائے گئے مریض تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئے۔ مرنے والوں میں محمود حسین، سلمی‘ مصطفی، محمد اسلم‘ اللہ بخش اور ایک نامعلوم خاتوں شامل ہیں۔ دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر رائے نوید کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف سینئر ڈاکٹرز کی طرف سے پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے جاں بحق ہونے والے 3 مریض ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے جبکہ دیگر 3 مریض ڈاکٹرز کی غفلت سے نہیں حالت نازک ہونے کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز نے ایمر جنسی کو بند نہیں کیا۔ دریں اثناء ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر پرویز حیدر نے مضحکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں کوئی ہڑتال ہی نہیں کی گئی۔ عوامی سماجی حلقوں نے صدر ینگ ڈاکٹرز کے ہڑتال کے دوران صرف ایمرجنسی کو کھلا رکھنے اور ایم ایس کی جانب سے ہڑتال نہ کئے جانے کے بیان کی انکوائری کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔