پنجگور: چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید: اورکزئی ، خیبر ایجنسی میں کاروائی م بم دھماکہ، 13 دہشت گرد ہلاک
پنجگور+ ہنگو+ خیبر ایجنسی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کا راکٹوں سے حملہ، ایک ہلکار جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے، اورکزئی ایجنسی میں فورسز کی کارروائی کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے 6 ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے جبکہ خیبر ایجنسی میں بم بنانے کے دوران دھماکے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دہشت گردوں کا اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق پنجگور کے علاقے نوک آباد تسپ میں قائم ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے نامعلوم سمت سے 3 راکٹ فائر کئے اور شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین ہلکار شدید زخمی ہوئے زخمیوں کو عسکری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سپاہی یوسف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا جبکہ دو زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، چیک پوسٹ پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشتگرد کمانڈر ہلاک ہو گیا جبکہ 9زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرہ کنڈ برمل میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا، جھڑپ کے دوران شدت پسند کمانڈر فاروق موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ 9 دہشتگردوںکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ادھر ٹانک میں ایک کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں اورکزئی ایجنسی کے علاقہ شیخاں میں سکیورٹی فورسز کی فضائی اور زمینی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 10 اہم دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور کارروائی میں دہشت گردوں کے 12 ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ علاوہ ازیں خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں بم بنانے کے دوران دھماکہ ہوا جس میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر بھی شامل ہے۔ دہشت گرد بم بنا رہے تھے کہ وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ آئی این پی کے مطابق پولیس اور سکیورٹی اداروں نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے ایک دہشت گرد اور افغان باشندوں سمیت 45 مشتبہ ملزمان گرفتار کر لئے۔ صباح نیوز کے مطابق کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل کے قریب مشتبہ دہشت گرد کو خطرناک بارودی مواد سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ کوہاٹ میں جنگل خیل کے علاقہ میں مکان پر پولیس نے چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق چھاپے میں 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق فرنٹیر کور بلوچستان نے سبی اور ہرنائی میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران سبی کے علاقے سے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔