• news

گنڈا سنگھ والا: شہباز شریف فائرنگ سے جاں بحق بچوں کے گھر پہنچ گئے‘ ڈی ایس پی‘ ایس ایچ او معطل

لاہور + قصور+ گنڈا سنگھ والا+ الہ  آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے میں شادی بیاہ یا خوشی کے موقع پر فائرنگ کے منفی رجحان کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے مواقع پر فائرنگ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خوشی کے موقع پر فائرنگ کی روایت معاشرے کا ناسور ہے اور اس کے قلع قمع کیلئے پولیس کو ذمہ داری سے اپنے فرائض ادا کرنا ہوں گے۔آئندہ شادی بیاہ یا خوشی کے موقع پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تو متعلقہ پولیس افسروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ وہ  قصورکے علاقے گنڈا سنگھ والاکے نواحی گاؤںگٹی کلنجر میں چند روز قبل شادی میں ہوائی فائرنگ کے باعث جاں بحق ہونیوالے دو بچوں وسیم اور شمشاد کے گھر آمد کے بعد لواحقین اور پولیس حکام سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ خوشی کے موقع پر فائرنگ کے واقعات پر فوری ایکشن لینا پولیس کا فرض ہے، گنڈا سنگھ والا میں پولیس نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی۔ فائرنگ کے ذمہ دار کسی بھی صورت میں ہمدردی یا رعایت کے مستحق نہیں۔  وزیراعلیٰ نے فرائض کی ادائیگی میں غفلت اورکوتاہی برتنے پر گنڈا سنگھ والا کے متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو فوری معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جیت کی خوشی میں بھی فائرنگ کے بعض واقعات پیش آئے لیکن میں نے اس پر فوری ایکشن لیا اور بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی بلکہ انہیں گرفتار بھی کیا اور آئندہ بھی ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بلاامتیاز سخت ترین کارروائی ہوگی۔ معصوم پھولوں کو مسلنے والے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے کسی صورت بچ نہیں پائیں گے۔   وزیراعلیٰ نے لواحقین کیلئے 5،5لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا اور لواحقین کو مالی امداد کے چیک دیئے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ فتح پورمیں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد کی رہائش گاہ گئے اور ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ علاوہ ازیں چینی قونصل جنرل نے شہبازشریف سے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر مشکل وقت پر پورا اتری ہے۔ چین پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ایک سچے اور مخلص دوست کا کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستانی عوام چین کے صدر کے دورہ پاکستان کیلئے چشم براہ ہیں۔ چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے۔ توانائی، انفراسٹرکچر ، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں چین کا بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورا پاکستان سعودی عرب کی حمایت میں یک آواز ہے۔ سعودی عرب کی سالمیت کے خلاف ہر اقدام کا سعودی عرب کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے۔ پاکستان کے عوام الحرمین الشریفین کے تحفظ کو اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔ سعودی عرب صرف برادر ملک نہیں بلکہ اسلامی دنیا کا ایک اہم ترین رکن ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں یمن کے مسئلے پر ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ شہبازشریف سے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے بھی ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت دہشت گردی، غربت اور توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن