پہلا ون ڈے: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 16 سال بعد شکست دیدی
میرپور (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش نے 16 سال بعد پاکستان کو 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں 79 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ بنگلہ دیش نے آخری بار 1999ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے۔ تمیم اقبال اور مشفیق الرحیم نے سنچریاں سکور کیں۔ میزبان ٹیم کا آغاز اچھا تھا او ر48 کے مجموعی سکور پر پہلی وکٹ گری جب سومعیہ سرکار 20 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر رن آئوٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ بھی جلد ہی گر گئی اور 67 کے مجموعی سکور پر محمود اللہ راحت علی کی گیند پر 5 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد تمیم اقبال اور مشفیق الرحیم نے اننگز کو سنبھالا۔ پہلے تو پوزیشن بہتر کی پھر بعد میں پاکستانی بائولرز کی خوب پٹائی کی۔ 245 کے مجموعی سکور پر اوپنر تمیم اقبال وہاب ریاض کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 132 رنز بنائے جن میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ چوتھی وکٹ 295 کے مجموعی سکور پر گری جب مشفیق الرحیم بھی 106 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پروکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 77 گیندوں کا سامنا کیا۔ ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ شکیب الحسن 31 اور صابر رحمان 15 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ناصر حسین 3 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ بنگلہ دیش نے مجموعی طور پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے۔ وہاب ریاض نے 4 اور راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنید خان، سعید اجمل، سعد نعیم، حارث سہیل اور اظہر علی کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ 330 رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھی اچھا رہا اور 53 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 24 رنز بناکر عرفات سنی کی گیند پر ناصر حسین کو کیچ تھما بیٹھے۔ 59 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ بھی صرف 4 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔ اظہرعلی اور حارث سہیل نے سکور 148 رنز تک پہنچایا تو کپتان اظہر علی بھی 72 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا آنا جانا لگا رہا۔ حارث سہیل 51، فواد عالم 14 اور سعد نسیم کھاتہ کھولے بغیر ہی آئوٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 67، وہاب ریاض 8، سعید اجمل صفر، جنید خان صفر پر آئوٹ ہوئے۔ راحت علی ایک سکور پر ناٹ آئوٹ رہے۔ قومی ٹیم 45.2 اوورز میں 250 رنز بناسکی۔ تسکین احمد اور عرفات سنی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ مشفیق الرحیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا۔