سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کی درخواست پر صدر، وزیراعظم اور دیگر کو نوٹس جاری
اسلام آباد (صباح نیوز) سنٹرل جیل کراچی میں موجود سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سمیت 9 فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 15 روز میں جواب طلب کر لیا۔ شفقت حسین نے اپنی عمر کی تصدیق کے لیے جوڈیشل کمشن تشکیل دینے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ شفقت حسین کے کیس کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کی۔ جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں عدالت نے فریقین سے 15روز میں جواب طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ شفقت حسین نے اپنی عمر کی تصدیق کے لیے جوڈیشل انکوائری کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں عمر کے تعین کے لیے ایف آئی اے کی تحقیقات پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ شفقت حسین کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت عمر کے تعین کے ساتھ ان پر تشدد کی تحقیقات کی انکوائری کا بھی حکم دے۔صدر ممنون حسین نے 18مارچ کو ملزم کی رحم کی اپیل مسترد کر دی تھی جبکہ عمر کے تعین کیلئے 30روز کے لیے پھانسی کی سزا روک دی تھی۔ عدالت نے شفقت حسین کی عمر کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سمیت 9 فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 15 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔