سندھ اسمبلی: کراچی میٹرو پولیٹن کے افسروں نے خود کو ہی پرموٹ کیا: شرجیل میمن
کراچی (نوائے وقت نیوز) سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے وزیر بلدیات و اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پرموشن ایڈمنسٹریٹر لیول پر ہوتی رہی افسران نے خود کو پرموٹ کیا ان کی سمری ہے کہیں نہ ہی ان کی تفصیلات ہیں۔ ساری چیزوں کو ٹھیک کرنے کے لئے کمیٹی بنا دی ہے۔ کافی لوگوں کا ریکارڈ غائب ہے کہ وہ کب بھرتی ہوئے۔نساسک ادارہ اپنا کام درست انداز میں انجام نہیں دے رہا۔ کوئی کام ایسا نہیں جو موجودہ ادارے نہیں کر سکتے۔ سندھ بھر میں گھوسٹ ملازمین موجود ہیں مگر یہ وعدہ ہے کہ ان سب کو گھر بھجوا دیں گے چاہے گھوسٹ ملازم بھائی ہی کیوں نہ ہو۔ حساس اداروں اور مقامات کی سکیورٹی سے متعلق بل اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ بل پارلیمانی امور کے وزیر سکندر میندھرو نے پیش کیا۔ چشمہ جہلم لنک کینال میں پانی چھوڑنے کے خلاف قرارداد پیش کی گئی۔ سینئر وزیر نثار کھوڑو نے قرارداد ایوان میں پیش کی۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ چشمہ جہلم لنک کینال میں پانی چھوڑنے کے فیصلے کو ارسا کالعدم قرار دے۔ سید سردار احمد نے کہا کہ ارسا نے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ ارسا کو متفقہ فیصلے کرنا چاہئیں۔ متنازعہ فیصلوں سے گریز کیا جائے۔ اجلاس پیر تک ملتوی کر دیاگیا۔