یمن فوج بھیجنا پاکستان کا اندرنی معاملہ ہے، نوازشریف اور کیری بحران کا سیاسی حل چاہتے ہیں: امریکہ
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ آن لائن+ آئی این پی) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ یمن میں فوج بھیجنے کا فیصلہ پاکستان نے کرنا ہے اور یہ اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر تشویش ہے۔ دارالحکومت واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میری ہارف کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے یمن اور لکھوی کی رہائی سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ ترجمان نے کہا وزیر خارجہ کیری اور وزیر اعظم نواز شریف یمن کے مسئلے کے سیاسی حل کے حامی ہیں۔ دونوں رہنما یمن کی لڑائی پھیلنے کے خلاف ہیں اور مذاکرات پر زور دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان یمن میں فوج بھیجے ، وزیر خارجہ کیری نے لکھوی کی رہائی پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کے متاثرین کے اہلخانہ کو انصاف دیا جائے اور دہشتگردوں کو قید رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں خاتون امریکی شہری پر حملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ کراچی میں امریکی قونصل خانے کے حکام سے رابطے میں ہیں۔ ترجمنا نے اس بات پر زور دیا کہ 2008ء میں ہونے والے ممبئی حملے کے ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اس حملے میں 166لوگ ہلاک ہوئے تھے جن میں 6امریکی شہری بھی شامل تھے۔