کراچی میں فائرنگ‘ تھانیدار‘ ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق‘ پولیس مقابلہ‘ ملا فضل اللہ گروپ کا کمانڈر‘ 5 ساتھی ہلاک
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب سچل کے علاقے سعدی ٹائون میں پولیس کی کارروائی میں کالعدم تنظیم طالبان پاکستان ملا فضل اللہ گروپ کا کمانڈر احمد 5 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ ایس یس پی ملیر رائو انور نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ سعدی ٹائون میں دہشت گردوں نے ٹھکانے بنا رکھے ہیں جس پر 300 سے زائد اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا گھیرائو کرلیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں مرنیوالا کمانڈر احمد شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے میں زخمی ہوکر علاج کیلئے کراچی منتقل ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے اور این اے 246 میں ضمنی الیکشن کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے۔ انکی نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل اور سعدی ٹائون میں سرچ آپریشن مکمل کرکے گولہ بارود، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ دوسری طرف سرجانی ٹائون کے سیکٹر 36 بی میں رات گئے موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر جانیوالا ہیڈکانسٹیبل غلام رسول جاں بحق ہو گیا جبکہ آدھے گھنٹے کے دوران دوسرے اہلکار پر حملہ ائرپورٹ سگنل کے قریب ہوا جہاں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے اے ایس آئی اظہر جعفری جاں بحق ہو گیا۔ وہ ملیر ضلع میں جبکہ غلام رسول پولیس ہیڈکوارٹرز میں تعینات تھا۔ کٹی پہاڑی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا جس کی شناختی ظاہر نہیں کی گئی۔