• news

چینی صدر کا دورہ تاریخ ساز‘ توانائی سیکٹر میں 20 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے چین کے شہر چنگ ڈو کے مئیر ٹانگ لیانگ ژی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں لاہور اور چنگ ڈو کو جڑواں شہر قرار دینے، پاک چین دوستی کے فروغ، دو طرفہ تعاون بڑھانے اور دیگراہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ چین کے صدر انتہائی اہم دورے پر پاکستان آرہے ہیں۔ دورے کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے جس میں صرف توانائی کے شعبہ میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اہم معاہدے  شامل ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ پاک چین دوستی کے حوالے سے یہ معاہدے ایک تاریخی حیثیت رکھتے ہیں۔ چین کے صدر کے دورے سے پاکستان اور چین کے مابین معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعاون مضبوط ہوگا۔ ہم چین کی سرمایہ کاری کو پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی اور توانائی بحران سے نجات دلانے میں معاون اور مددگار سمجھتے ہیں۔ چین کا غیر معمولی تعاون پاکستان کیلئے ایک تحفے سے کم نہیں۔ چین پاکستان کے ساتھ عظیم الشان معاشی و اقتصادی تعاون کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ چین سے معاہدوں پر اعلیٰ معیار، شفافیت اور تیز رفتاری سے کام کیا جائے گا۔ چین کے تعاون سے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بھی جلد مکمل کریں گے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے مری میں چین کی سرکاری و نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے چین کے صدر کا دورہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے عظیم الشان منصوبے کے علاوہ چین کے تعاون سے پاکستان میں زیرتعمیل منصوبوں میں تیزی لائیگا۔ ترقی اور معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے مخلص ترین دوست چین کے تعاون سے ملک سے اندھیرے دور کریگی اور ترقی اور خوشحالی کا جس کا سفر کا آغاز ہو رہا ہے اسے محنت اور جذبے کے ساتھ مکمل کریں گے۔ میٹروبس پراجیکٹ راولپنڈی کے متعلق اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مفاد عامہ کے منصوبوں کو تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کر رہی ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس کے عظیم پراجیکٹ کا جلد افتتاح کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ میٹرو بس منصوبہ عوام دوست حکومت کا جڑواں شہروں کے شہریوںکیلئے ایک شاندار تحفہ ہے۔ وزیراعلیٰ کو منصوبہ پر بریفنگ دی گئی۔ شہبازشریف نے ’ڈان‘ گروپ ڈائریکٹر مارکیٹنگ مسعود حامد کے کراچی میں قتل کی شدید مذمت کی ہے اور حاجی جان محمد کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن