ماتحت عدالتوں کے بخشی خانے قیدیوں کیلئے مسائل کا گڑھ، پینے کا پانی بھی میسر نہیں
لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث ماتحت عدالتوں کے بخشی خانے قیدیوں کیلئے مسائل کا گڑھ بن گئے ہیں جہاں شدید گرمی میں ٹھنڈا پانی تو درکنار سادہ پانی بھی میسر نہیں۔ رہی سہی کسر کم گنجائش، خراب پنکھوں، لوڈشیڈنگ، اہلکاروں کی کرپشن اور دیگر سہولیات کی عدم فراہمی نے نکال دی ہے۔ سیشن کورٹ، کینٹ و ماڈل ٹائون کچہری، بینکنگ جرائم کورٹ اور ضلع کچہری کے بخشی خانوں میں روزانہ متاثر ہونے والے قریباً ایک ہزار قیدیوں اور انکے اہل خانہ نے اعلیٰ عدلیہ سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ان مقامات پر روزانہ ایک ہزار سے زائد قیدی جوڈیشل ریمانڈ کی پیشی کیلئے لائے جاتے ہیں۔ لاہور کی تینوں کچہریوں میں پانی کی قلت ہے، زیادہ پنکھے خراب ہیں۔ واش رومز کا مناسب انتظام نہیں۔ لوڈشیڈنگ کے دوران متبادل انتظام نہیں۔ بعض بخشی خانوں میں مچھروں اور کھٹمل کی بھرمار ہے۔ قیدیوں کو ٹھنڈے پانی کی بوتلیں،کھانا، کپڑے، سگریٹ، فروٹ پہنچانے کیلئے رشوت دینا پڑتی ہے۔ مختلف قیدیوں نے نوائے وقت کو بتایا کہ انہیں ٹھنڈا پانی تو دور کی بات سادہ بھی میسر نہیں۔ قیدیوں کے ورثا محمد صادق، توصیف احمد، وارث اور صغراں بی بی نے بتایا کہ پولیس قیدیوں سے ملاقات کیلئے بھی نذرانہ لیتی ہے۔ مٹھی گرم نہ کریں تو سارا دن بھی گذر جائے کوئی ملنے نہیں دیتا۔ ہم گھر سے جو چیزیں لے کر آتے ہیں پولیس والے اس میں سے بھی حصہ رکھتے ہیں۔ اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ان کو بھی پانی نہیں ملتا۔
بخشی خانے