سانگلہ ہل: مہندی میں رقص پروگرام، مہمانوں کی فائرنگ، نوجوان جاں بحق
سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت) نواحی چک نمبر 286 مہیس جنوبی کے سکول میں مہندی میں رقص کے پروگرام کے دوران شراب کے نشہ میں دھت تماشائیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، زد میں آ کر مقامی محلہ رضا آباد کا رہائشی محنت کش الطاف حسین موقع پرجاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے دولہا کے قریبی عزیز ہیں، الطاف مہندی کا پروگرام دیکھنے آیا تھا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، دولہا بارات لے کر نہ جا سکا اور اہل خانہ سمیت گھر سے فرارہو گیا۔پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جسے سانگلہ ہل میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ چک نمبر 286 مہیس جنوبی کے عمران ڈھڈا کی شادی 18اپریل کو ہو نا تھی۔ مہندی کی رات گائوں کے گورنمنٹ پرائمری سکول میں رقص کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں منڈی مڑھ بلوچاں کے مزمل عرف کالی بلوچ اور اسکے 3 ساتھیوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے نشے میں اندھادھند فائرنگ کر دی، زد میں آکر الطاف حسین موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ تھانہ صدر پولیس نے مقتول کے والد امداد حسین بھٹی کی درخواست پر مزمل عرف کالی بلوچ اور اسکے 3 ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقتول الطاف 2 بچوں واحد کفیل تھا اور ٹرنک بنانے کا کام کرتا تھا، اسکے قتل کے سوگ میں ٹرنک مرچنٹ مارکیٹ بند رہی۔ڈی پی او ننکانہ کامران یوسف ملک نے چک نمبر286 مہیس جنوبی میں مہندی کے پروگرام میں فائرنگ ، ایک نوجوان کی ہلاکت اور ناقص کارکردگی کی بناء پر تھانہ صدر کے انچارج محمد شہباز ڈوگر کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا گیا،انچارج انویسٹی گیشن سب انسپکٹرصابر حسین چدھڑ کو ایس ایچ او کا اضافی چارج دیدیا گیا۔
مہندی فائرنگ