• news

باغ میں مظاہرہ، دھرنا، پولیس کا لاٹھی چارج، ہوائی فائرنگ، ڈی ایس پی سمیت 40 زخمی

باغ ملوٹ (اپنے نمائندوں سے) تھب روڈ کی عدم تعمیر کے خلاف سینکڑوں افراد کا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا ، ٹائر جلا کر پنیالی کراس بند کر دیا باغ راولپنڈی شاہراہ بند، پرامن احتجاج پر  پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی،آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھیوں، پتھروں کا آزادانہ استعمال، ہوائی فائرنگ، پولیس تشدد کے باعث ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت 40 افراد زخمی‘ مشتعل مظاہرین نے پتھرائو کر کے پولیس کی تین گاڑیوں سمیت متعدد گاڑیاں توڑ دیں ، پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم سے باغ راولپنڈی شاہراہ میدان جنگ بن گئی ، آنسو گیس کے باعث درجنوں خواتین او ربچے بے ہوش ہو گئے ، ڈی ایس پی کی سربراہی میں ایک شخص پر 20 سے زائد پولیس اہلکار ٹوٹ پڑے جسے شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا گیا ، متحدہ باغ ایکشن کمیٹی تھب پنیالی روڈ کے سربراہ راجہ نثار احمد شائق کی قیادت میں مظاہرین احتجاج کر رہے تھے جس میں دیگر سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن ، مسلم کانفرنس ، جے یو آئی ، جے کے پی پی اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان نے مظاہرے میں شرکت کی ، مظاہرہ پنیالی کراس پر پُر امن جاری تھا جس میں مقررین اپنے مطالبات پیش کر رہے تھے ،  اچانک پولیس کی طرف سے پتھرائو اور ہوائی فائرنگ ہوئی جس پر مظاہرین مشتعل ہو گئے مشتعل مظاہرین نے ڈی ایس پی کی گاڑی پر پتھرائو کیا ، مشتعل مظاہرین کے پتھرائو سے ڈی ایس پی کی گاڑی سمیت پولیس کی دیگر دو گاڑیاں بھی ٹوٹ گئیں ، طرفین کے پتھرائو سے درجنوں پرائیویٹ گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے بعد ازاں مظاہرین نے راولپنڈی جانے والی شاہراہ کو پتھر پھنک کر بند کر دیا، جب کہ پولیس مسلسل آنسو گیس پھینکتی رہی،  ٹریفک پولیس اہلکار بھی مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے رہے۔ مظاہرے کے دوران سینکڑوں گاڑیاں پھنسی رہی پولیس نے مسافر خواتین کو بھی معاف نہ کیا صحافیوں کو بھی آنسو گیس پھینک کر نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کے باعث دو صحافی بے ہوش ہو گئے پریس فوٹو گرافرز کو بھی تشدد کی تصاویر بنانے سے روکتے رہے۔مظاہرین مذاکرات کے بعد اپنا پر امن احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرنے ہی والے تھے ڈی ایس پی ریاض مغل اپنی ٹیم کے ہمراہ مظاہرین پر مجسٹریٹ کے حکم کے بغیر ہی کاروائی کر ڈالی۔ متحدہ ایکشن فورم کے زیر اہتمام پر امن مظاہرہ کیا جا رہا تھا جس سے جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سابق امید وار حلقہ وسطی باغ سردار ثاقب نعیم ، ایکشن فورم کے ساتھ نثار احمد شائق ، مسلم کانفرنس کے رہنما سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ ، جے یو آئی کے رہنما مولانا خورشید انور ، مسلم لیگ ن کے طاہر اکبر ایڈووکیٹ ، سردار قمرالزمان اور دیگر درجنوں مقررین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھب پنیالی روڈ جو وزیر صحت سردار قمرالزمان کے اپنے حلقے انتخاب کی روڈ گزشتہ تیس سالوں سے التواء کا شکار ہے کشمیر کونسل سے اس روڈ کی تعمیر کے لئے فنڈز مختص کیے گئے لیکن حکومتی نمائندوں کیطرف سے دو کروڑ کمیشن مانگنے پر پیسے منتقل کیے گئے بعد ازاں آج تک یہ روڈ تعمیر نہیں ہو سکی۔دریں اثناء ممبر قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ باغ پولیس سٹیٹ بن چکی ہے ۔
باغ/ مظاہرہ

ای پیپر-دی نیشن