کنٹونمنٹس بورڈز الیکشن: انتخابی مہم آخری مرحلے میں‘ سیاسی رہنمائوں کے ٹیلیفونک رابطے
لاہور (خصوصی رپورٹر) کنٹونمنٹس بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کی انتخابی مہم آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے تاہم تاحال مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکے۔ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور عوامی تحریک کے رہنمائوں کے علاوہ مسلم لیگ (ن) اور جے یو پی کے درمیان ٹیلیفونک رابطے موجود ہیں۔ گزشتہ روز بھی تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان اور عوامی تحریک کے مرکزی صدر رحیق عباسی کے درمیان والٹن اور کینٹ کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات پر بات چیت ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتیں متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں تاہم اس مرحلے پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ اب ممکن دکھائی نہیںدیتا البتہ انتخابات کے دوران اور بعد میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف متفقہ حکمت عملی تیار کی جاسکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور جے یو پی کے درمیان رابطوں کی صورتحال البتہ الگ ہے۔ سعد رفیق جمعیت علماء پاکستان کے حامیوںکے ووٹ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو دلوانے کے خواہاں ہیں۔ اس سلسلہ میں انکی قاری زوار بہادر سے بات چیت ہوئی اور ان رہنمائوں میں کل ملاقات بھی متوقع ہے۔ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان بھی معاملات طے کئے جانے ہیں۔