اکتوبر2014ء سے امریکہ،فرانس سمیت 30 غیر ملکی وفود لاہور چیمبر آف کامرس آئے
لاہور (رپورٹ: احسن صدیق) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صنعت و تجارت کو درپیش مسائل حل کرانے کے ساتھ ملک کی بیرونی تجارت کو فروغ دینے کیلئے بھی بھرپور اقدامات اٹھارہا ہے۔ اکتوبر 2014ء سے اپریل 2015ء کے دوران آسٹریا، افغانستان، جرمنی، بھارت، روس، امریکہ، آسٹریلیا، فرانس اور تاجکستان کے سفیروں سمیت تیس سے زائد غیر ملکی وفود نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ لاہور چیمبر میں ان غیر ملکی مہمانوں کے ساتھ منعقد ہونیوالے اجلاسوں میں دوطرفہ تجارتی و معاشی امور زیربحث آئے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ان غیر ملکی وفود کو آگاہ کیا توانائی، ٹیکسٹائل، زراعت، لائیوسٹاک، معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان ممالک پر زور دیا وہ اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کریں اور پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی فراہم کریں۔ پاکستان کے دیگر ممالک میں متعین ہونے والے سفیروں نے بھی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ان پر زور دیا وہ پاکستانی مصنوعات کے لئے نئی منڈیاں تلاش کریں اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر کرنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے رواں مالی سال میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 76 کروڑ 52 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال 2013-14ء میں اتنی مدت کے مقابلے میں 95.8 کروڑ ڈالر (118.7) فیصد زائد ہے۔