• news

پالیسی بیان نہیں، آگے بڑھ کر سعودی عرب سے تعاون کرنا چاہیے:تحفظ حرمین شریفین کانفرنس

ہری پور( خصوصی رپورٹ) مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین نے جماعۃ الدعوۃ کی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے حرمین کے تحفظ کی جنگ پرائی نہیں ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ بان کی مون کے کہنے پر پاکستان کی فوج جاسکتی ہے تو خادم حرمین الشریفین کی اپیل پر کیوں نہیں جاسکتی؟ نوازشریف کے پالیسی بیان سے ابہام کا ازالہ ہوا لیکن صرف پالیسی بیان کافی نہیں بلکہ آگے بڑھ کر تعاون کرنا چاہیے۔ تحفظ حرمین شریفین کے مسئلہ پر غیر جانبدار رہنے کی باتیں کرنے والے ظالم کا ساتھ دے رہے ہیں۔پاکستانی قوم سعودی عرب کے دفاع کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔ حکمرانوں کو بروقت فیصلے کرنے چاہئیں اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کے ہر مطالبہ کوپورا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار گرائونڈ گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1 ریلوے روڈ میں ہونے والی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، مولانا نصر جاوید، ایم پی اے گوہر نواز خان، مولانا رب نواز، ابو ولید ہزاروی، مولانا مجتبیٰ، قاضی گل رحمان، پیر عالم زیب، مولانا فضل الرحمان مدنی ، مولانا ابو جابر خالد، مولانا سیف اللہ خالد، مولانا خورشید خان، مولانا عبدالوحید، سلیم عابد، حارث ڈار، قاری یعقوب و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظمحمد سعید نے کہا ہم سعودی عرب کے موقف کی بھرپور تائید کرتے ہیں اور اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سعودی عرب نے کبھی جارحیت نہیں کی۔ پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے بعد جب عالمی پابندیاں لگیں سعودی عرب نے ساتھ دیا۔ آج سعودی عرب پر مشکل وقت ہے۔ پاکستان کو بھرپور مدد کرنی چاہیے۔کشمیر میں علی گیلانی ، مسرت عالم اور آسیہ اندرابی کو آج بھی پاکستان کی مدد درکار ہے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کرکے بھارتی فوج نے 14کشمیریوں کو زخمی کردیا ہے لیکن اسلام آباد خاموش ہے۔ ہم نے اپنے کشمیری بھائیوں کی کھل کر مدد کرنی ہے۔ مسرت عالم بٹ، سید علی گیلانی و دیگر قائدین پر مقدمات بنائے گئے ہیں ہم انہیں پوری پاکستانی عوام پر مقدمہ سمجھتے ہیں۔مولانا نصر جاوید نے کہا حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے یمن میں بغاوت کو کچلنا بہت ضروری ہے۔ ایم پی اے گوہر نواز خان نے کہا حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پاکستانی قوم بھی کسی طور پیچھے نہیں رہے گی۔ مولانا رب نواز نے کہا ہمارا سعودی عرب سے رشتہ کلمہ کی بنیاد پر ہے۔ ابو ولید ہزاروی نے کہا حوثی باغیوں کا بیت اللہ پر قبضے کا اعلان ہی انہیں لے ڈوبے گا۔ مولانا مجتبیٰ، قاضی گل رحمان نے کہا حرمین شریفین سے محبت رکھنے والا کبھی بھی اس کے تحفظ کی خاطر غیر جانبدار نہیں رہ سکتا۔ پیر عالم زیب ، مولانا فضل الرحمان مدنی نے کہا یمن میں بغاوت کچلنا سعودی عرب کے تحفظ کی ضمانت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن