ملکہ ہانس‘دوسری شادی میں رکاوٹ بننے پر بیوی‘کمسن بیٹی کو نہر میں ڈبو دیا
اڈا ذخیرہ(نامہ نگار) دوسری شادی میں رکاوٹ بننے پر خاوند نے حاملہ بیوی کو تین سالہ بچی سمیت نہر میں ڈبو کر مارڈالا۔ تفصیل کے مطابق اڈا پکھی والا ملکہ ہانس ضلع پاکپتن کا رہائشی عبدالرزاق وٹو اپنی آٹھ ماہ کی حاملہ بیوی الماس بی بی 7 سالہ بیٹے محمد الیاس اور تین سالہ بیٹی مریم کے ہمراہ موٹرسائیکل پر رشتہ دار کی رسم چہلم میں شرکت کے لئے آرہا تھا وہ جب نہر درپور چک نمبر 271 ڈبلیو بی کے قریب پہنچا تو میاں بیوی میں جھگڑا ہوا جس پر عبدالرزاق نے الماس بی بی اور 3 سالہ بچی مریم بی بی کو گلے میں کپڑا ڈال کر نہر میں ڈبو دیا اور اپنے سسرال والوں کو اطلاع کی کہ ہمارا ایکسیڈنٹ ہوا الماس بی بی اور مریم نہر میں ڈوب کر دم توڑ گئیں ورثا نے موقع پر پہنچ کر ماں بیٹی کی نعشوں کو تحویل میں لے لیا اور انکی نماز جنازہ کروا کر انکو دفنادیا۔ زندہ بچ جانے والے 7 سالہ محمد الیاس نے اپنے نانا کے سامنے بھانڈا پھوڑ دیا اور بتایا کہ ہمارا کوئی ایکسیڈنٹ نہیں ہوا ابو نے میری امی اور بہن کو نہر میں ڈبو کر قتل کیا جس پر ورثا نے فوری طور پر پولیس چوکی اڈا ذخیرہ کو آگاہ کیا جس پر پولیس نے قاتل عبدالرزاق کو حراست میں لے لیا ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ دوسری شادی کرنا چاہتا تھا جس کی اسکی بیوی مخالفت کرتی تھی۔