35 مزید اداروں کی نجکاری کریں گے: یمن بحران کے خاتمے کے لئے ترکی سے ملکر مفاہمتی عمل کی خاطر کوشاں ہیں: اسحق ڈار
واشنگٹن (آن لائن + اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کہ حبیب بنک کے شیئرز کی فروخت کے بعد حکومت مزید 35 اداروں کی نجکاری کرنا چاہتی ہے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان کی معاشی درجہ بندی بہتر ہوئی، ہم دنیا کی 18 ویں بڑی معیشت بن گئے ہیں۔ پاکستان کے بیرون ملک اثاثے 18.2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں، گزشتہ برس کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 15 فیصد اضافے کی امید ہے۔ اگلے مرحلے میں بجلی کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے شیئرز فروخت کئے جائیں گے۔ حکومت حبیب بنک کے شیئرز کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سے قرضوں کی ادائیگی کرے گی۔ آپریشن ضرب عضب کیلئے 1.75 ارب ڈالر اخراجات آئیں گے، آئی ڈی پیزکی بحالی کیلئے8 سو ملین ڈالرکی ضرورت ہے۔ پاکستان کی مثبت اقتصادی پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کے باعث ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 17.67ارب ڈالر ہو چکے ہیں، رواں سال ان کے تاریخی سطح پر پہنچ جانے کا امکان ہے۔ امریکی نژاد پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت سٹیٹ بنک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کی مالیت 12ارب ڈالر ہے، زر مبادلہ کے باقی ماندہ ذخائر نجی بنکوں کے پاس ہیں۔ ہمارا اگلا ہدف رواں سال کے دوران زر مبادلہ کے ذخائرکی تاریخ کی بلند ترین سطح 18.29ارب ڈالر کو عبور کرنا ہے۔ ماضی میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ آئی ایم ایف سے قرضے حاصل کر کے کیا گیا جبکہ ہم اپنی بہتر اقتصادی پالیسیوں اور میکرو اکنامک استحکام جیسے اقدامات سے ذخائر میں بہتری لائے ہیں۔ تین روزہ دورہ واشنگٹن میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف، ورلڈ بنک، امریکی محکمہ خزانہ، یو ایس ایڈ، او پی آئی سی اور یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے حکام اور سرمایہ کاروں سے 3 درجن کے قریب ملاقاتیں کیں۔ یمن جنگ کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد کے مطابق سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی بالکل واضح ہے۔ سعودی عرب کی سالمیت و خود مختاری کو خدشات کی صورت میں پاکستان اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد کو کچھ عرب ملکوں نے سمجھنے میں غلطی کی تاہم اس کے وہاں موجود پاکستانی تارکین وطن پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے، پاکستان کے حوالے سے کوئی غلط فہمی نہیں۔ ہم نے حوثیوں کی مذمت کی اور صدر ہادی کی منتخب حکومت کی بحالی کے حامی ہیں۔ ترکی کے ساتھ ملکر مفاہمتی عمل کیلئے کوشاں اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا چاہتا ہے۔ مالیاتی اداروں کے اجلاس کے موقع پر وزیر خزانہ نے اپنے چینی ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔ آن لائن کے مطابق حکومت رواں سال کے دوران 35 اداروں کی نجکاری کے لئے اقدامات شروع کر رہی ہے غیر منافع بخش اور نقصان میں جانے و الے حکومتی اداروں کی نجکاری اور حکومتی حصص فروخت کرنے کے لئے مالیاتی مشیروں کی تقرری کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ نجکاری کمیشن کے ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایسے تمام اداروں کی نجکاری کی جائے گی جو ملکی معیشت پر بوجھ ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، پاکستان سٹیل ملز، پی آئی اے اور دیگر ادارے شامل ہیں کی نجکاری، حکومتی حصص کی فروخت ان اداروں میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں پاکستان سٹیل ملز اور پی آئی اے کے لئے مالیاتی مشیروں کا تقرر بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پی آئی اے کی بہتری کے لئے امریکی ایگزم بنک سے 10 سالہ مدت کے لئے قرضہ لینے پر غور کر رہی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 67 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ رواں سال 18 ارب 29 کروڑ ڈالر تک زرمبادلہ کے ذخائر جمع ہونے کی امید ہے۔