• news

این اے 246، مسلم لیگ ن ، مجلس وحدت المسلمین، سنی تحریک ضمنی الیکشن سے دستبردار

کراچی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت نیوز) مسلم لیگ ن نے کراچی کے ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ہائوس میں جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران صدر مسلم لیگ ن سندھ اسماعیل راہو نے کہا جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان شہر کی بہتری کے لیے کیا۔ اب پی ٹی آئی کو چاہیے وہ بھی اپنا اُمیدوار دستبردار کر لے۔ این اے 246 سے جماعت اسلامی کے اُمیدوار راشد نسیم کا کہنا تھا مسلم لیگ ن نے ہماری حمایت کا اعلان کیا ہے ہم نے کراچی کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کل شام 7بجے جماعت اسلامی انتخابی مہم کا آخری جلسہ عائشہ منزل پر کریگی۔ جلسے سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق مجلس وحدت مسلمین نے این اے 246 سے تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں عمران خان اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ عمران خان اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کے درمیان کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر معاملات طے پائے۔آل پاکستان سنی تحریک نے این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ سنی تحریک کے رہنما مطلوب اعوان نے کہا عوام اپنا قیمتی ووٹ کنور نوید کو دیکر کامیاب بنائیں۔ جماعت کا فیصلہ شوریٰ کے اجلاس میں کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن