چھٹی کے روز بھی طویل لوڈشیڈنگ‘ لوگ سراپا احتجاج‘ پانی کی شدید قلت
لاہور + اسلام آباد (نامہ نگاران + آن لائن) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 300 میگاواٹ رہا، بجلی کی پیداوار 9900 جبکہ طلب 14200 تک ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی ملک بھر میں لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور شہروں اور دیہات میں 12 سے 18 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا اور عوام کا جینا محال ہو گیا جبکہ کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ تفصیلات کے مطابق چھٹی کے روز بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی گئی اور 12 سے 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کے خلاف لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ شہری علاقوں میں بجلی کی لوڈشیدنگ 12 سے 14 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹوں سے تجاوز کر چکی ہے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگ پینے کے پانی کی بوند بوند کو بھی ترس گئے۔ عارفوالا سے نامہ نگار کے مطابق عارفوالا میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ‘ دورانیہ 18گھنٹے سے تجاوز کر گیا کاروبار زندگی معطل ہو گیا۔ عوام نے شدید احتجاج کیا ہے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں ہر گھنٹے بعد تین گھنٹے کے لیے جبکہ دیہات میں تیس منٹ بعد پانچ گھنٹے کے لیے بجلی کی فراہمی بند رہی جبکہ پانی کی شدید قلت رہی جبکہ لوڈشیڈنگ کے باعث سینکڑوں مزدور بے روزگار ہو گئے۔ ماموں کانجن سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے بڑھ گیا جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ پر لوگوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے اور طویل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ شہری گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بجلی کی طویل بندش کے باعث پریشان ہو کر رہ گئے۔