• news

امت دفاع حرمین کے مسئلہ پر متحد نہ ہوئی تو کب ہوگی: حافظ سعید

پشاور/ لاہور (صباح نیوز + خصوصی نامہ نگار) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے جماعۃ الدعوۃ کی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے یمن اور دیگر مسلم ملکوں میں بغاوتوں کے پیچھے امریکہ ہے۔ وہ افغانستان میں شکست کے بعد مسلم ممالک میں فرقہ واریت اور باہمی لڑائی جھگڑوں کو ہوا دے رہے ہیں۔ یہ آرام سے بیٹھنے کا وقت نہیں۔ آج امت مسلمہ دفاع حرمین کے مسئلہ پر متحد نہ ہوئی تو پھر کب ہوگی؟ ایک مسلم ملک پر حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ سمجھا جائے۔ حکمران پاکستان کو معاشی و دفاعی مرکز بنانا چاہتے ہیں تو حرمین کے دفاع کا فریضہ ادا کریں۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد جب ہر طرف سے امداد بند ہوئی تو سعودی عرب نے مدد کا حق ادا کیا۔ غیر جانبداری کی قرارداد پر مسلمان ملکوں کو شکوے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔ پاکستان جلد دیگر مسلم ممالک کے ہمراہ حرمین کے دفاع کیلئے کھڑا ہو گا۔ مرکز خیبر صدر فوارہ چوک پشاور میں ہونے والی کانفرنس میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ابراہیم، مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پی کے عارف یوسف، سابق صوبائی وزیرعاقل شاہ، میا ں اختر، مولانا حمداللہ، مولاناسیف اللہ خالد، مولانا نصر جاوید، مولانا مقصود احمد سلفی،عتیق الرحمن چوہان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ صلیبی و یہودی سازشیں کر رہے ہیں کہ اس مسئلہ کو ایران و سعودی عرب کی لڑائی بنا کر پیش کیا جائے تاکہ اصل مسئلہ دب جائے اور مسلم ملکوں میں شیعہ سنی لڑائی کے سلسلے پروان چڑھائے جائیں۔ صنعا اور عدن پر حملہ کے بعد حوثیوں نے مکہ اور مدینہ پر قبضہ کا اعلان کیا۔ سرزمین حرمین شریفین کو اس وقت باغیوں سے خطرات لاحق ہیں اس لئے ہمیں ہوشمندی سے ساری صورتحال کو سمجھنا ہوگا۔ ہم سعودی عرب کو اپنا ملک اور وہاں کی حکومت کو اپنی حکومت سمجھتے ہیں۔ ہمیں کھل کر فیصلہ کرنا چاہیے۔ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا مسلم ممالک حوثی باغیوں کی ہر قسم کی فوجی، مالی اور اخلاقی مدد کے سلسلے بند کرائیں۔ پروفیسر ابراہیم نے کہاکہ مسلمانوں کی آپس کی لڑائی سے یہودیوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ مسلمانوں کی مشترکہ فوج اور کرنسی ہونی چاہیے۔ عارف یوسف نے کہا حرمین شریفین کے دفاع کیلئے جان قربان کرنا سعادت کی بات ہے۔ کوئی مسلمان اس سے پیچھے نہیں رہے گا۔ مقصو د احمد سلفی نے کہا جماعۃ الدعوۃ کو تحفظ حرمین شریفین کیلئے بھرپور تحریک چلانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
حافظ سعید

ای پیپر-دی نیشن