جماعت اسلامی نے ڈالروں کی بوریاں لیں‘ سراج الحق کو الزامات لگاتے شرم آنی چاہئے: متحدہ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی سیاسی زندگی اسٹیبلشمنٹ کی بی ٹیم کی حیثیت سے گزری، جماعت اسلامی نے جہاد کے نام پر امریکہ سے بوریاں بھر کر ڈالر وصول کئے۔ جماعت اسلامی کے امیر کو ایم کیو ایم پر الزامات لگاتے ہوئے شرم آنی چاہئے‘ قتل و قتال کے کلچر کو عام کرنے والوں کے منہ سے امن کی بات اچھی نہیں لگتی۔ گذشتہ روز نائن زیرو سے جاری متحدہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی کے تھنڈر سکواڈ نے تعلیمی اداروں میں دہشت گردی کا آغاز کیا۔ القاعدہ کے دہشت گرد جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے گھروں سے گرفتار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سراج الحق نے آج تک کراچی میں طالبان کی دہشت گردی کے خلاف ایک لفظ نہیں کہا۔ جماعت اسلامی طالبان اور القاعدہ کی اتحادی اور اس کی شاخ ہے۔