• news

مسیحیوں کے لئے متبرک کپڑا ’’شرائوڈ آف ٹیورن‘‘ 5 برس کے وقفہ کے بعد اٹلی میں نمائش کیلئے رکھ دیا گیا

ٹیورن (اٹلی) (نیٹ نیوز) ’شراؤڈ آف ٹیورن‘ کے نام سے پہچانا جانے والا وہ کپڑا جسے بعض عیسائی متبرک مانتے ہیں، پانچ برس کے وقفے کے بعد نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ چار اعشاریہ چار میٹر طویل یہ کپڑا شمالی اٹلی کے شہر ٹیورن میں 24 جون تک سینٹ جان دا بیپٹسٹ کے گرجا گھر میں زیرِ نمائش رہے گا۔ روزانہ 12 گھنٹے تک عوام کو اس کی زیارت کی اجازت ہوگی۔ اس کپڑے کو دیکھنے کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں لگایا گیا تاہم اس کے لیے پہلے سے بکنگ کرانا ضروری ہے اب تک دس لاکھ افراد یہ عمل سرانجام دے چکے ہیں۔ پوپ فرانسس بھی اس کی زیارت کرنے والوں میں شامل ہوں گے وہ اس کے لیے 21 جون کو ٹیورن پہنچیں گے۔ آخری مرتبہ ’شراؤڈ آف ٹیورن‘ کو عام دیدار کے لئے 2010 میں پیش کیا گیا تھا اس وقت 25 لاکھ افراد نے اس کی زیارت کی تھی۔ یہ کپڑا چودہ فٹ لمبا اور ساڑھے تین فٹ چوڑا ہے اسے بلٹ پروف اور ماحولیاتی تغیر سے بچانے والے ڈبے میں رکھا گیا ہے۔ 1988 میں اس کپڑے کے تجزیے کے بعد اسے 1260 سے 1390ء کے درمیان کے زمانے کا قرار دیا گیا تھا تاہم اس تجزیے کو قبولیت عام کی سند حاصل نہیں ہوسکی۔

ای پیپر-دی نیشن