پاکستان کو ہر حال میں سعودی عرب کا ساتھ دینا چاہیے: غفور حیدری
اسلام آباد (آن لائن) ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ سعودی عرب اور یمن کا مسئلہ انتہائی اہم اور حساس ہے پاکستان کو ہر حال میں سعودی عرب کا ساتھ دینا چاہیے، امریکہ کی نظریں مسلمان ممالک کے وسائل اور معدنیات پر ہیں مسلم امہ کو فرقہ ورانہ فسادات میں ایک سازش کے تحت دھکیل دیا جاتا ہے۔ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ہوگی کسی بھی سیاسی جماعت کا عسکری ونگ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایک میگزین کو انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے ایسے محسن اور مہربان دوست کا ساتھ دینا ہم پر لازم ہے اگر سعودی عرب کے ساتھ ہمارا کوئی فوجی معاہدہ ہے تو ہمیں فوج بھیجنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہم فرقہ واریت کے قائل نہیں ہیںہم نے ہمیشہ مسلم دنیا میں اتحاد و اتفاق کی بات کی ہے یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ حرمین شریفین کی حفاظت کو فرقہ واریت کا رنگ دیا جارہا ہے۔ دنیا میں سب سے بڑا دہشت گرد اور فرقہ پرست امریکہ ہے جس کی نظریں مسلم دنیا کے وسائل اور معدنیات پر ہیں اور ان پر قبضہ کرنے کیلئے مسلمان ممالک کو آپس میں لڑا دیتے ہیں۔ ہمیں فرقہ ورانہ فسادات میں پڑنے کی بجائے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا بلوچستان کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا جا رہا ہے۔ بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے اقدامات از حد ضروری ہیں۔