• news

دہشت گردوں کیخلاف استعمال کرنے کیلئے روس پاکستان کو 20 ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر دیگا: روسی سفیر

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی ویروف نے کہا ہے کہ روس پاکستان میں کراچی سے شمالی علاقوں میں گیس کی فراہمی کے لئے پائپ لائن بچھائے گا۔ روس پاکستان کو تیل اور گیس کی تلاش میں مدد دینے کے لئے تیار ہے۔ اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان سیاسی تعلقات بہتر ہورہے ہیں مگر ہمارے اقتصادی اور تجارتی تعلقات ابھی اس سطح تک نہیں پہنچ پائے جس سطح پر سیاسی تعلقات ہیں۔ وقت نیوز کے پروگرام ’’ایمبیسی روڈ‘‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے روسی سفیر نے کہا کہ میں نے گزشتہ ہفتے کراچی میں سٹیل مل کا دورہ کیا۔ روس نے سٹیل مل کو اپ گریڈ کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن حکومت نے سٹیل مل کو نجی شعبے میں فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، ہمیں اس فیصلے کا انتظار ہے۔ فوجی تعاون کے سلسلے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کو ایم آئی 35 قسم کے 20 ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا یہ ہیلی کاپٹر پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف استعمال ہونگے۔ ان سے پوچھا گیا کہ پاکستان روس کے لئے دوسرا فوجی سازو سامان بھی دینے کا خواہش مند ہے، پہلے تو بھارت پاکستان کو فوجی سامان دینے کی مخالفت کرتا تھا اب وہ امریکہ کے قریب ہوگیا ہے۔ کیا روس پر بھارت کا دبائو ختم ہوگیا ہے تو روسی سفیر نے کہا کہ بھارت اب بھی ہمارا دوست ہے لیکن پاکستان کے ساتھ تعلقات اپنی جگہ ہیں۔ روسی سفیر نے افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کے انخلا کے بعد افغان صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی فوجوں کے انخلا کے بعد افغانستان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔ اگر افغان فوج سکیورٹی معاملات سنبھال لے تو حالات مستحکم ہوں گے۔ بات یہ ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔ پاکستان افغانستان تعلقات بہتر ہونے سے خطے میں استحکام آسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن