ٹی 20 ڈیف ایشیا کپ ٹورنامنٹ‘ افتتاحی میچ میں پاکستان نے افغان ٹیم کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پہلے ٹی ٹونٹی ڈیف ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان نے افغانستان ٹیم کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ پر میچ میں مہمان افغانستان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی باؤلرز کے سامنے افغان بلے باز بڑا سکور بورڈ پر سجانے میں ناکام رہے۔ مقررہ 20 اوورز میں افغانستان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز سکور کئے۔ مہمان ٹیم کو میچ کے آغاز میں ہی مشکل کا سامنا رہا جب صرف 3 کے سکور پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے جن میں ابرار، امید اور فرمان شامل ہیں، کوئی کھلاڑی اپنا کھاتہ نہ کھول سکا۔ نقیب اور اجمل خان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 48 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس سے پاکستان کا سکور 51 پر پہنچ گیا۔ اس موقع پر نقیب 29 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ ریاض الحق اجمل کا ساتھ دینے کے لئے میدان میں آئے لیکن وہ بھی صرف 3 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے۔ افغانستان کی چھٹی وکٹ 73 کے سکور پر گری جب لاہور خان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 20 اوورز کا کھیل مکمل ہونے پر افغانستان کا سکور 80 تھا۔ جبکہ اجمل خان 29 اور عبدالجلیل 2 سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان کی طرف سے باؤلنگ میں عدنان غنی نے 2 جبکہ نعیم بیگ، محمد شکیل اور نوید قمر اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 81 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے صرف 5.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر کے میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستان کی طرف کپتان ذکا احمد نے 48 اور بلال یوسف نے 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ میچ کے اختتام پر پاکستان ٹیم کے کپتان ذکا احمد کو بہتری کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں آج بروز منگل 21 اپریل کو سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ یہ میچ بھی صبح 9 بجے ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلا جائیگا۔