زمبابوے کرکٹ ٹیم مئی کے وسط میں پاکستان آئے گی: چیئرمین پی سی بی کا اعلان
لاہور (اے ایف پی/ سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) زمبابوے کرکٹ ٹیم مئی کے وسط میں پاکستان میں آئے گی۔ یہ بات چیئرمین بی سی پی شہریار خان نے بتائی۔ ذرائع کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اگست میں پاکستان سے ٹیم بھجوانے کا مطالبہ کیا۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں تین ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی شامل ہیں۔ سیریز کے حتمی اعلان کے بعد تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ سیریز کے انعقاد کے حوالے سے سکیورٹی کا وفد مئی کے پہلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریگا جس کے بعد ٹیم کے حتمی دورے اور شیڈول کا حتمی شکل دی جائیگی۔ انہوںنے کہا کہ سیریز کے میچز کے لئے لاہور یا کسی اور شہر میں کھیلنے جانے کا فیصلہ سکیورٹی رپورٹ کے بعد کیا جائیگا۔واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد زمبابوے پہلا ملک ہو گا جو چھ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کھلنے پاکستان آئے گا۔دریں اثناء چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے دورہ پاکستان کے بعد دیگر غیر ملکی ٹیمیں بھی پاکستان کا رخ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی آرمی کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستان آنے کا عندہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی سے کراچی میںواقع گرائونڈ کے حوالے سے منظوری کی کوشش کررہے ہیں۔ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی جون میں آئی سی سی کی صدارت سنبھالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کے آئی سی سی کا صدر بننے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بہت مدد ملے گی اور پاکستان عالمی سطح پر کرکٹ کے اہم معاملات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ آئی سی سی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہی صدارت کے عہدے پر فائز ہو گا۔ زمبابوے سیریز کے دوران پاکستانی یا زمبابوے امپائرز کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ بھی جلد کر لیا جائیگا۔ بنگلہ دیش میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نئی ٹیم کو اپنی پرفارمنس دکھانے میںکچھ وقت درکار ہے اس حوالے سے ٹیم کے کوچ اور کپتان کو ذمہ دار ٹھہرانا غلط ہوگا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ آئی سی سی کے اجلاس میں کئی اہم موضوعات پر بات ہوئی ہے جس میں چار نئی ٹیموں کی شمولیت پر بھی بات ہوئی ہے ۔ اجلاس کے دوران پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے اہم فیصلے ہوئے جس کی تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس میں سب سے اہم پہلو ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو بہتر بنانے پر بات ہوئی جس کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی آئندہ اجلاس میں اپنی حتمی رپورٹ پیش کریگی۔ گراس روٹ لیول پر کھیل کی بہتری سے ہی قومی سطع پر نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ قبل ازیں پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس چیئرمین شہریار خان کی زیرصدارت ہوا جس میں گورننگ بورڈ کے اراکین سمیت وفاقی سیکرٹری سپورٹس اعجاز چوہدری نے بھی خصوصی شرکت کی۔چیف آپریٹنگ افسر پی سی بی سبحان احمد نے کہا ہے کہ گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے پر غور کیا گیا۔ ویمن کرکٹرز کیلئے فلاحی منصوبوں کی منظوری دیدی۔ ریٹائرڈ ویمن کرکٹرز کو معاوضہ دیا جائیگا۔