• news

افسروں کی نااہلی، محکمہ جنگلات کی21ہزار ایکڑ زمین پر بااثر شخصیات قابض

لاہور (چودھری اشرف) محکمہ جنگلات کے افسران کی نااہلی کے باعث 21 ہزار ایکڑ سرکاری زمین پر با اثر شخصیات نے قبضہ کر رکھا ہے۔ سب سے زیادہ قبضہ جنوبی پنجاب میں کیا گیا ہے   ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف راجن پور کے علاقہ کی 14 ہزار ایکڑ  سرکاری زمین پر بااثر شخصیات اور عام لوگوں نے  قبضہ کر رکھا ہے جن کی تین تین نسلیں سرکاری زمینوں پر پل چکی ہیں۔ بااثر شخصیات سرکاری زمینوں پر کھیتی باڑی کے ذریعے اربوں روپے کما چکی ہیں  ۔ لیہ، مظفر گڑھ، شاہدرہ کے ذخیرہ جات، موہلنوال، شرقپور شریف، چھانگا مانگا کے ارد گرد، میانوالی کے علاقوں میں بھی قبضہ ہو چکا ہے۔ ان زمینوں پر موجود سرکاری درخت بھی کاٹ کر بیچے جاچکے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے صوبائی وزیر ملک آصف بھا سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں محکمہ جنگلات کی زمین قبضہ مافیا سے وا گذار کرائی جا رہی ہے۔21 ہزار ایکڑ میں سے 14 ہزار ایکڑ زمین محکمہ کے پاس واپس آ گئی ہے جبکہ سرکاری زمین پر پچاس سال سے لوگوں نے قبضہ کر رکھا تھا ۔

ای پیپر-دی نیشن