پاکستان فضائیہ کیلئے جنوبی کوریا سے ٹی 50 ٹرینر لڑاکا طیارے خریدے گا
کراچی (آن لائن) پاکستان اپنی فضائیہ کیلئے جنوبی کوریا سے ٹی 50 ٹرینر لڑاکا طیارے خریدے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق پاکستانی ائر فورس اپنی ٹریننگ پروگرام میں جدت لانے کے لئے جنوبی کوریا سے کائی ٹی 50لیڈ فائٹر ٹرینر (LIFT) خریدنے پر غور کر رہا ہے ٹی 50 میں دلچسپی ممکنہ طور پر گوادر کی بندرگاہ میں ایک نئے شپ یارڈ سمیت پاکستان جنوبی کوریا کے دفاعی صنعت میں تعاون کو بہتر بنانے کے سلسلے میں سامنے آئی۔ گزشتہ ماہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی کے سلسلے میں معاہدے پر دستخط ہوئے۔ جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی اور معیار کی ڈیفنس ایجنسی اور پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار کے درمیان کوالٹی کے باہمی معیارات کو یقینی بنانے کے لئے میمورنڈم پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان کے سیکرٹری برائے دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل تنویر طاہر کا کہنا ہے پاکستان ٹی 50 طیاروں کا معائنہ کر رہا ہے اور اپنی ضروریات کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں سابق آسٹریلوی ڈیفنس اتاشی اور ماہر برائن کلفلے کا کہنا ہے اس سے تو واضح ہے کہ جنوبی کوریا پاکستان سے مزید تعاون میں سنجید ہ ہے۔