• news

کراچی کے شہری 9 روز کے اندر غیر قانونی اسلحہ جمع کرادیں: ڈی جی رینجرز

کراچی(نوائے وقت رپورٹ+نیٹ نیوز) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے شہریوں کو غیر قانونی اسلحہ جمع کروانے کیلئے 9 دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں غیرقانونی اسلحہ استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا حال ہی میں کچھ ایسے اسلحہ ڈیلرز کیخلاف کارروائی کی گئی ہے جو غیر قانونی لائسنس بنانے اور ناجائز اسلحہ کی سمگلنگ میں ملوث تھے، اسلئے شہری 30 اپریل تک تمام غیر قانونی اسلحہ جمع کروا دیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنا جرم ہے جس پر 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ 30 اپریل کے بعد جعلی اسلحہ لائسنس اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ دریں اثناء رینجرز نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 5 ملزموں کو گزشتہ روز پیش کر دیا۔ عدالت نے پانچوں ملزموں کو 40 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کر دیا۔ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری سمیت سنگین الزامات میں پکڑے گئے ملزموں میں شکیل الدین، شبیر اللہ، ساجد بیگ، عبداللہ، محمد منصور شامل ہیں۔ ان میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث ملزموں ماجد بیگ، عبداللہ اور محمد منصور کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔ دوسری جانب رینجرز نے سابق چیئرمین آباد بابر چغتائی کو رہا کر دیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بابر چغتائی کو 90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے کیا تھا۔ جہاں ان سے تفتیش کی۔ انہیں ضابطہ فوجداری کے شیڈول 4 کے تحت رہا کیا گیا۔ تاہم بابر چغتائی بغیر اطلاع کے کراچی سے باہر نہیں جا سکیں گے۔ علاوہ ازیں رینجرز سیکٹرکمانڈ نے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ کے ڈی اے نجم الزمان کو بھی رہا کر دیا۔ انہیں چائنا کٹنگ اور دہشت گردی کی معاونت کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نجم الزمان 90 روز کیلئے رینجرز کے مرکز نظربندی میں موجود تھے۔ خصوصی عدالت نے متحدہ کے 5 کارکنوں عرفان عرف یونٹ انچارج، فرحان عرف ڈی ایس پی، فیصل نصیر عرف کچھو، شہزاد اور شہاب الدین کو پولیس موبائل پر حملہ کیس میں عمر قید کی سزا سنادی۔

ای پیپر-دی نیشن