• news

آپکے دھرنے سے چینی صدر کا دورہ لیٹ ہوا، نواز شریف: یہ درست نہیں، عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نوازشریف اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران چینی صدر وزیراعظم نواز شریف سے مصافحہ کرکے آگے بڑھے تو وزیراعظم بھی انکے پیچھے چل پڑے، اسی صف میں عمران خان بھی بیٹھے تھے۔ چینی صدر عمران خان سے مصافحہ کرکے آگے بڑھ گئے تو وزیراعظم نواز شریف ایک لمحے کو عمران خان کے سامنے رکے اور مخاطب کرکے کہا کہ چینی صدر کو بتانا تھا کہ انکی پاکستان آمد میرے دھرنے کی وجہ سے ملتوی ہوئی تھی۔ اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ انکا دورہ دھرنے کی وجہ سے ملتوی نہیں ہوا تھا، اگر دھرنے کی وجہ سے ملتوی ہوتا تو یہ چار ماہ پہلے ہی آجاتے جب دھرنا ختم ہوا تھا۔ دریں اثناء صباح نیوز، نوائے وقت نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے چین کے صدر کا تعارف کرایا، اس دوران جب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے چین کے صدر کا مصافحہ ہوا تو وزیر اعظم نواز شریف نے شکوہ کیا کہ آپکے دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کے دورے میں 6 ماہ کی تاخیر ہوئی جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ انکو دھرنا ختم کئے تو کئی ماہ گذر چکے ہیں۔ میرے دھرنے کی وجہ سے دورہ ملتوی نہیں ہوا ایسا ہوتا تو یہ 4 ماہ پہلے آ جاتے۔ چینی صدر شی چن پنگ عمران خان کی نشست کے قریب آئے تو وزیراعظم بھی خاموشی سے رک گئے۔ چینی صدر نے عمران خان سے مصافحہ کیا، پاس پاس ہونے کے باوجود نواز شریف اور عمران خان میں کوئی علیک سلیک نہ ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن