• news

پی سی بی جنرل کونسل کا اجلاس‘ 4 نئے اضلاع کا الحاق

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کا جنرل کونسل اجلاس چار نئے ڈسٹرکٹس کو الحاق جبکہ شمسہ ہاشمی کو ویمن ونگ کی جنرل منیجر مقرر کر دیا گیا۔ اجلاس میں ملک بھر سے ریجنز اور ڈسٹرکٹس کے نمائندوں نے  شرکت کی۔  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں تمام ڈسٹرکٹس اور ریجنز کے نمائندوں  کے تحفظات کو نوٹ کیا گیا ہے ۔  چار نئے ڈسٹرکٹس کو پی سی بی سے الحاق دیا گیا ہے ان میں لسبیلہ، خضدار، جعفر آباد اور جام شورو شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ تمام ریجنز اور ڈسٹرکٹس کی مالی معاونت کرنا چاہتا ہے تاہم مالی پوزیشن مستحکم نہ ہونے کی بنا پر مجبوری آڑے آ جاتی ہے تاہم ہم کوشش کر رہے ہیں کہ تمام ڈسٹرکٹس کے لیے سپانسرشپ حاصل کریں اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اپنے محدود وسائل میں ان کی سپورٹ جاری رکھے گا۔پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے ہم نے جو کوششیں شروع کر رکھی ہیں ان کی وجہ سے افغانستان اور کینیا کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں اور اگلے ماہ زمبابوے اور بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان کے دورہ پر آ رہی ہیں۔ انشااﷲ آہستہ آہستہ پاکستان کے میدان بھی بین الاقوامی کرکٹ سے آباد ہو جائیں گے۔ لاہور کے بعد کراچی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی مکمل ہو چکی ہے۔ مستقبل میں راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں بھی اکیڈمیز بنانا چاہتے ہیں۔پاکستان نے ایف ٹی پی پروگرام کے تحت بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنی ہیں جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھاری مالی فائدہ کا بھی امکان ہے۔ ریجنز اور ڈسٹرکٹس کے نمائندوں نے سالانہ جنرل کونسل اجلاس میں اپنے دل کی بھڑاس نکالی ہے۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ کے فیوچر پروگرامز کے حوالے سے آنے والی تجاویز اور مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا اور انہیں ہر ممکن حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اجلاس میںپی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سمیت ڈائریکٹرز اور دیگر آفیشلز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ای پیپر-دی نیشن