امتحانات میں نقل اور بوٹی مافیا کا سوفیصد خاتمہ کردیا: چیئرمین لاہور بورڈ
لاہور (انٹرویو: میاں علی افضل) چیئرمین لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نصراللہ ورک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق لاہور بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات میں نقل اور بوٹی مافیا کا 100 فیصد خاتمہ کردیا ہے۔ بورڈ میں آن لائن اور آٹومیشن سسٹم مکمل طور پر نافذ کردیا گیا ہے جس کے تحت اب امیدواران کو آن لائن تمام معلومات مہیا کی جاتی ہیں۔ امیدواران کی رجسٹریشن سے لے کر رول نمبر جاری کرنے تک تمام کام آن لائن کئے جاتے ہیں جبکہ امتحانات میں شرکت کرنے والے لاکھوں طالب علم موبائل میسج کے ذریعے رزلٹ معلوم کرسکتے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2015 سے پرائیویٹ امیدواران سے داخلہ فارم کی ہارڈ کاپی بھی نہ وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت امیدواران صرف اپنے قریبی بینک میں داخلہ فیس جمع کرواتے ہیں۔ چیئرمین نصراللہ ورک نے مزید کہا کہ موجودہ لاہور بورڈ سابقہ ادوار سے 100% مختلف اور جدید ہے مارکنگ کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر تمام اساتذہ کو مارکنگ کی خصوصی ٹریننگ دی جارہی ہے۔ دوران مارکنگ ہر سنٹر میں سینئر اساتذہ کو بطور کوآرڈی نیٹر بھی لگایا جارہا ہے۔ امتحانی مراکز کی تشکیل بھی کمپیوٹرائزڈ ہی کی جاتی ہے۔ لاہور بورڈ کی حدود میں واقع تمام اضلاع میں زون بنائے گئے ہیں ہر زون میں کئی مراکز ہوتے ہیں۔ لاہور بورڈ میں واقع حبیب بینک داخلہ فیس وصول نہیں کرے گا جبکہ داخلہ فارم تصدیق کروانے کی ضرورت نہ ہے مزید یہ کہ حبیب بینک کی تمام برانچیں بورڈ کے ساتھ آن لائن کردی گئی ہیں۔